حافظ نعیم الرحمن کا کے -الیکٹرک کے خلاف گرم ہوتا ہوا نیا محاذ

 





وفاقی و صوبائی حکومتیں کراچی میں بجلی کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہوگئیں،حافظ نعیم الرحمن



امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سخت گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کرکے کے الیکٹرک نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا اور ان کا جینا محال کر دیا ہے،فنی خرابی اور فالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی کا تعطل سنگین جرم ہے ،وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، وفاقی و صوبائی حکومت اور نیپرا کراچی میں بجلی کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ، کے الیکٹرک کو اربوں روپے سبسڈی اور سہولتیں دینے کے بجائے اس کا لائسنس منسوخ کر کے قومی تحویل میں لیا جائے،عدالت عظمیٰ کے الیکٹرک کی بد ترین لوڈشیڈ نگ کا نوٹس لے۔حافظ نعیم الرحمن نے گرمی میں شدت کے اضافے کے ساتھ ہی یومیہ 7گھنٹے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور رات 10بجے کے بعد گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت نے شہریوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے ،ایک جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث رات 8بجے کے بعد شہریوں کے لیے بلا ضرورت گھروں سے نکلنے پر پابندی لگادی گئی ہے جبکہ دوسری جانب رات بھر لوڈ شیڈنگ کے باعث حبس کے موسم میں شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں ،کورونا وائرس میں مبتلا مریض اور گھروں میں قرنطینہ کرنے والے افراد ،خواتین ،بچے اور بزرگ شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں ، شہری نیپرا اور محتسب اعلیٰ کے پاس شکایات درج کراتے ہیں تو انہیں کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا اگر کے الیکٹرک کے سروس آفیسرز سے بات کی جائے تو آفیسرز صارفین کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 16سال گزرجانے کے باوجود کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا ،کے الیکٹرک کے دعوئوں کے برعکس بن قاسم پلانٹ تھری شروع نہ ہوسکا،این ٹی ڈی سی سے بغیر کسی معاہدے کے مفت 400میگاواٹ اضافی بجلی ملنے کے باوجود کراچی میں بجلی کابحران جاری ہے،کے الیکٹرک پرائیوٹ کمپنی ہونے کے باوجود اس کا سارا انحصار سرکاری این ٹی ڈی سی سے حاصل کردہ بجلی پر ہے، وفاقی حکومت نے پہلے ہی رواں سال کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے ملنے والی بجلی ساڑھے 6 سو میگاواٹ سے بڑھاکر 11 سو میگاواٹ کردی ہے کے الیکٹرک اس کے باوجود اپنے صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہے ، ہر دن گزرنے کے ساتھ صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ رات لیاری ، بلدیہ سمیت دیگر علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک کے خلاف مظاہرے کیے ، جمعرات کی رات سے لے کر جمعے کی شب تک ملیر، سعودآباد، کھوکھراپار،لانڈھی، قائد آباد،ملیر اور گڈاپ کے متعدد گوٹھ سپر ہائی وے کے اطراف کی آبادیاں ،سرجانی ٹاؤن ، منگھوپیر ، سائٹ ، بلدیہ ٹاؤن،شیرشاہ ، ماری پور، ہاکس بے ، بہار کالونی ، آگرہ تاج کالونی ،کیماڑی ، کورنگی ،بھٹائی کالونی ، گلستان جوہر ، گلبہار، پاک کالونی سمیت دیگر علاقے بری طرح بجلی کی بندش کا شکار رہے ۔





Comments