قبلہ اول کی آزادی کیلئے جہاد کرنا پوری امت پر فرض ہے،حافظ نعیم الرحمن

 



کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے جہاد کرنا پوری امت پر فرض ہے ۔ان کے بقول جنگ بندی اصل میں حماس کی فتح ہے اور آخری فتح بھی اہل فلسطین کی ہی ہوگی۔ کراچی میں عظیم الشان ’’فلسطین مارچ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زائد فلسطینی مسلمانوں کو بے گھر کرنے اور سیکڑوں کو شہید کرنے کے بعد جنگ بندی تو ہوگئی لیکن اسرائیل کے مظالم بند نہیں ہوئے، صہیونی فورسز نے فلسطین پر درندگی ، سفاکی کا مظاہرہ کیا، میڈیا ہاؤسز پر حملے کیے ،مظلوم اور نہتے مسلمانوں کو شہید کیا تو امت کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اس کے بعد حکمرانوں نے اپنی زبان کھولی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف واضح اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کریں اور اسرائیل کو روکیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ امریکا نے دنیا بھرمیں دہشت گردی کی ، ناکا ساگی پر ایٹم بم پھینکا اور آج اسرائیل کی حمایت کررہا ہے ،مسلم حکمرانوں کی جانب سے راست اقدام کرنے کی ضرورت ہے، ان حالات کامقابلہ کیا جاسکتا ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی کے بقول بیت المقدس پوری امت کے ایمان اور عقیدے کامعاملہ ہے ، اس جگہ نبی کریم ؐ نے انبیاء کرام ؑ کی امامت کروائی، آج فلسطینی نوجوانوں ، بچے ،پتھروں سے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ کررہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے یہ بھی کہا کہ ہم نے فلسطینی قیادت سے رابطہ کیا ،ہم نے کہاکہ ہم فلسطین کے ساتھ ہیں تو انہوں نے جواب دیا ہم بھی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ ہیں ، آج فلسطین مارچ کے لاکھوں شرکاء اعلان کرتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنے دیں گے اور کشمیر کاسودا نہیں کرنے دیں گے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حماس کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جائے ،قبلہ اول کی آزادی کے لیے حکمرا ن عالمی سطح پر اقدامات کریں ۔





Comments