فلسطین: اسرائیلی پولیس کا کریک ڈاؤن، سینکڑوں فلسطینی گرفتار

 


بیت المقدس: اسرائیلی پولیس اور دوسرے سکیورٹی اداروں نے 10 مئی کے بعد سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا  ہے جس میں اب تک 1500 فلسطینیوں کو پکڑ کر حراست میں لیا گیا  ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  عرب ایمرجنسی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ گرفتاریاں ‘یافا’ شہر سے کی گئیں جہاں سے 236 فلسطینی گرفتار کیے گئے ہیں۔

 رپورٹ میں کہا گیا  کہ یافا کے بعد اللد شہر سے 182 اور عکا سے 92 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ بئر سبع، رھط، کفر مندا اور ام الفحم سے بھی فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتاری کے وقت 76 فی صد فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ مجموعی طور پر یہودی آباد کاروں کی طرف سے تشدد کیت 132 واقعات رونما ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیلی پولیس کی طرف سے مقبوضہ عرب علاقوں میں فلسطینیوں کی کاروں، گھروں، مساجد اور کاروباری مقامات پر چھاپے مارے گئے اور فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

فلسطینیوں کی گاڑیوں اور کاروں پرحملوں کے 128 واقعات سامنے آئے جبکہ تشدد کے واقعات میں 128 فلسطینی طبی عملے کو بھی شدید نشانہ بنایا گیا ہے۔



Comments