پاکستان حکومتی سطح پر مسئلہ فلسطین کے موقف کو آگے بڑھاتا رہے ،اسماعیل ہنیہ کا کراچی میں جماعت اسلامی کے فلسطین مارچ سے خطا ب

 




کراچی حماس کے سربراہ وسابق وزیر اعظم فلسطین اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ پاکستان حکومتی سطح پر مسئلہ فلسطین کے موقف کو آگے بڑھاتا رہے ۔کراچی میں فلسطین مارچ کے شرکاء سے وڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس عظیم الشان ’’فلسطین مارچ‘‘ کے انعقاد کے موقع پر اسلامیان پاکستان ،اہل کراچی اور جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کرنے ، اسرائیلی دہشت گردی اور مظلوم ونہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھانے کے خلاف آواز اٹھانے پر اظہار تشکر پیش کرتا ہوں ۔اسماعیل ہنیہ نے کہاکہ بیت المقدس اور اس کے گرد و نواح کی نصرت و تائید کرنے والے مسلمان بھائیوں میں آپ سب کو فلسطین کی مبارک سر زمین سے اس کے سرحدی جوانوں اور ان کی جرات مندانہ مدافعت کی طرف سے سلام فخر پیش کرتاہوں، جن کے ہر اول دستے میں شہید عزالدین قسام ہے اور ان تمام جم غفیر کو سلام جو سر زمین پاکستان سے قوت، حق و آزادی کی صدا بلند کیے ہوئے ہیں اور بیت المقدس کی نصرت اور مسجد اقصی اور غزہ اور وہاں پر ہونے والے بابرکت جہاد کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ سربراہ حماس نے یہ بھی کہا کہ آپ کے ساتھ یہ فتح و نصرت بانٹتا ہوں اور آپ ہمارے ساتھ اس فتح و کامرانی میں شریک و شامل ہیں اور میدان جنگ میں ہونے والی بڑی بڑی تبدیلیوں میں بھی جو کہ فلسطین کے اندر و باہر پیش آئی، آپ ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان حق کے ساتھ ہے ، فلسطین کے ساتھ ہے۔

Comments