ملک بھر میں 8 تا 16 مئی نقل وحر کت بند

 




  HYDERABAD, PAKISTAN, APR 26: Security official stands guard after sealed the area during smart lockdown due to increasing in coronavirus cases as preventive measure against the spread of the Coronavirus (COVID-19), at Qasimabad area of Hyderabad on Monday, April 26, 2021. (Sajjad Zaidi/PPI Images).

اسلام آباد/کراچی (اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر(این سی او سی ) نے ملک بھر میں 8 سے 16 مئی 2021ء کے دوران عوام کی نقل و حرکت روکنے کی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے جس میں 10 سے 15 مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان بھی شامل ہے،6 ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار سلنڈر درآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی جبکہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کی شدت بڑھتی جارہی ہے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران مزید150افراد جاں بحق اور 5480نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ این سی او سی نے ملک بھر میں 8 سے 16 مئی کے دوران عوام کی نقل و حرکت روکنے کی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے جس میں 10 سے 15 مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان بھی شامل ہے۔ یومِ علی کرمہ اللہ وجہہ، اعتکاف، شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید کے لیے جامع ایس او پیز یکم مئی تک جاری کیے جائیں گے۔ فورم نے 3 مئی 2021ء سے 40 سے 49 سال کی عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں عالمی سطح پر وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیشِ نظر پاکستان آنے والی مسافر پروازوں کو 5 سے 20 مئی تک روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بعدازاں 18 مئی 2021ء کو ان پابندیوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اس ضمن میں تفصیلی ہدایات سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) جاری کرے گی۔اجلاس میں ان باؤنڈ پرواز محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے دورانِ اجلاس ملک میں آکسیجن کی پیداوار اور فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا اور 6 ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار آکسیجن سلنڈرز درآمد کرنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تا کہ ملک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے۔اس کے ساتھ ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے لیے آکسیجن کی بہترفراہمی کے لیے مصری شاہ کی اسکریپ انڈسٹری کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں عید کی چھٹیوں کے دوران گھروں میں رہنے اور محفوظ رہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اس ضمن میں مارکیٹوں کی بندش(استثنا کے ساتھ)، بین الصوبائی،انٹرسٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ، تفریحی مقامات،ہوٹل ،پارکس اور شاپنگ مالز بند رہیں گے۔ٹیکسی اور رکشوں کو 50فیصد سواریوں کیساتھ اجازت ہوگی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر مسلسل لوگوں کو گھروں میں رہنے اور محفوظ رہنے کے عنوان سے پیغامات چلائے اور نشر کیے جائیں ۔میڈیاچینلز عید تعطیلات کے دوران خصوصی پیکجز چلائیں تاکہ لوگ گھروں میں رہیں ۔عید تعطیلات کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہے گی۔دوسری جانب گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا وبا سے مزید 150 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کورونا کے مزید 5 ہزار 480 نئے کیسز سامنے آئے۔ پاکستان میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 17 ہزار 680 ہوگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 15 ہزار 711 ہوگئی اور 7 لاکھ 8 ہزار 193 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 8 ہزار 327 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 629، خیبر پختونخوا 3 ہزار 238، اسلام آباد 677، گلگت بلتستان 106، بلوچستان میں 233 اور آزاد کشمیر میں 470 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔وزیراطلاعات فواد چودھری نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کیسز کی شرح 15 فیصد تک پہنچی تو لاک ڈائون کے سو ا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔



Comments