دو سال میں تیسرا وزیر خزانہ تبدیل :مہنگائی پر قابو نہ پانے پر حفیظ شیخ کی چھٹی ،حماد اظہر کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ

 




اسلام آباد وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی پر قابو نہ پانے پرعبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے برطرف کردیا اور ان کی جگہ حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اویس منظور سمرہ کو ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ مقررکردیا گیا ہے جب کہ خیبر پختونخوا سے ندیم اسلم چودھری کو ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کردیا گیا۔وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی پر قابو نہ پانے کی وجہ سے حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹا دیا، وزیر خزانہ کا قلمدان حماد اظہر کو دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور نئی معاشی ٹیم کو حماد اظہر لیڈ کریں گے، حماد اظہر کے آنے کے بعد غریب آدمی کو ریلیف ملے گا جب کہ وزیراعظم ملکی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں،ملک کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم کا وژن ہے، حماد اظہر وزیراعظم کے وژن کو آگے لے کر چلیں گے۔شبلی فراز نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے آج اہم فیصلے ہوں گے جو بھی تبدیلیاں کی جائیں گی وہ عوام کے سامنے لائی جائیں گی، مجھے کون سی وزارت دی جائے گی اس کا ابھی مجھے علم نہیں۔ علاوہ ازیں حماد اظہر نے وزارت خزانہ کا قلمدان دیے جانے کے فیصلے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کا اضافی چارج دے کر عزت بخشی ہے، پاکستان کی معیشت میں 2018ء سے قابل ذکر بہتری آئی ہے، ہم پاکستانی معیشت کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔





Comments