راولپنڈی میں عوام امڈ آئے،اب ملک پر خاندانوں کی سیاست نہیں چلے گی،سراج الحق

 

  راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ 3 مارشل لاز اور چند خاندانوں نے قوم کے 73 سال ضائع کر دیے،بے ضمیر اور وطن فروش طبقے نے اپنے مفادات کی خاطر قائد کے پاکستان کو زبان ، نسل اور مسالک کی بنیاد پر تقسیم کیا ہواہے، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک تکون اور اپنی اپنی باریوں کے منتظر ہیں، عوام کو نوید سناتاہوں اندھیری رات ختم ہونے والی ہے ، اب ملک میں خاندانوں کی سیاست نہیں چلے گی، حکومت نے رمضان سے قبل چینی ، گھی مزید مہنگے کردیے ،جو بجلی استعمال کرتاہے اس پر مہینے کے آخر میں آسمانی بجلی گرتی ہے ، بھارت سے پیار کی پینگیں بڑھانے کی کوششیں کرنے والوں کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جب تک مقبوضہ کشمیر میں ایک بھی بھارتی فوجی موجود ہے ، نئی دہلی سے دوستی نہیں ہوسکتی ، ظلم و جبر ، کرپشن کے نظام کو جماعت اسلامی تبدیل کر سکتی ہے ، ہم وہی نظام لانا چاہتے ہیں جو اللہ نے انسانیت کو دیاہے ، جماعت اسلامی عدالتوں میں قرآن، تعلیمی اداروں میں یکساں نظام تعلیم لاناچاہتی ہے ، عوام نے
ہمیں موقع دیا تو غریب کا مفت علاج ہوگا ، نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی کے تاریخی مقام لیاقت باغ میں عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا دیگر مقررین اور اہم شرکاء میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر میاں محمد اسلم ، امیر جماعت شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف ، صدرجے آئی یوتھ زبیر گوندل ، ضلعی امیر سید عارف شیرازی شامل تھے ۔ جلسے میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شرکاء نے جماعت کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلامی انقلاب کے حق میں نعرے درج تھے ۔امیر جماعت نے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ ملک کو خوشحال بنانے اور اس میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے اپنی صلاحیتوں کے مطابق بھر پور سعی کریں گے ۔ سراج الحق نے کہاکہ بیسویں صدی کا عظیم واقعہ پاکستان کا حصول تھا مگر ہائی جیکرز نے کچھ عرصے بعد ہی ایوانوں اور اداروں پر قبضہ کرلیا ۔ یہ وہی لوگ تھے جنہوں نے انگریزوں کی تابعداری کی اور آج بھی انہی کی نسلیں پارٹیاں بدل بدل کر ملک پر حکمرانی کر رہی ہیں ۔ اب طلوع سحر ہونے کو ہے ۔ میڈیا کا شکریہ کہ اس نے تمام کے چہرے بے نقاب کردیے ۔ عوام اپنے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کو خوب پہچان چکے ہیں ۔انہوںنے پی ٹی آئی حکومت کو ملکی تاریخ کی نااہل حکومت قرار دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے ۔ گزشتہ ڈھائی سال میں ادویات کی قیمتوں میں 300فیصد ، اشیائے خورو نوش ، بجلی ، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں 30 سے 100 فیصد اضافہ ہوا ۔ وزیراعظم کو ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کارخانے بنانے کا مشورہ دیا تھا مگر وہ لنگر خانے بنانے میں مصروف ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا بس چلے تو وزیراعظم ہائوس کو مسافر خانہ اور ایوان صدر کو لنگر خانہ بنادے تاکہ عیاشیاں کرنے والے حکمرانوں کو نصیحت ملے۔ انہوںنے کہا کہ پارلیمنٹ کے ایک سیشن پر کروڑوں خرچ ہو جاتے ہیں مگر وہاں عوام کو سننے کو گالیاں ملتی ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے بنگلا دیش کو پاکستان سے الگ ہونے کے 50سال مکمل ہونے پر مبارکباد کا پیغام دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ڈھاکا میں مودی اور حسینہ واجد جشن منارہے ہیں اور ہمارے وزیراعظم انہیں مبارکبادیں دے رہے ہیں۔ انہو ں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کی کشمیر کو بھول کر بھارت سے دوستی کرنے کی خواہش کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے ۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی راولپنڈی کو جلسے کے شاندار انتظامات کرنے اور عوام کو بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہاکہ لیاقت باغ سے ہی ملک کی بڑی سیاسی تحریکوں کا آغاز ہوا ۔ اسی تاریخی مقام پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک کو اسلام کا گہوارہ بنائیں گے اور دولت ، تعصب ، ظلم ، تکبر کے سومناتوں کو پاش پاش کریں گے ۔



Comments