بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری، صارفین پر 4ارب 59کروڑ روپے کا اضافی بوجھ

 


لاہور،اسلام آباد (خبر ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری،صارفین پر 4 ارب 59 کروڑ کا اضافی بوجھ۔تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے بجلی کے صارفین پر 4 ارب 59 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری فروری 2021ء کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ہے جبکہ نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری کے مہینے میں ایل این جی کی کم دستیابی کے باعث صارفین کو 21 کروڑ روپے مالیت کا ریلیف نہ مل سکا۔علاوہ ازیںچیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی سربراہی میں بجلی کمپنیوں کی رواں مالی سال کی دو سہ ماہی ایڈجسٹ منٹس کی درخواستوں پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔بجلی کمپنیوں نے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 44 ارب 70کروڑ روپے وصولی کی درخواست کی۔ دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 46ارب 65کروڑ روپے وصول کرنے کی استدعا کی گئی۔ ڈسکوز حکام نے کہا کہ اضافی رقم ادائیگیوں، آپریشنز اینڈ مینٹی ننس سمیت بجلی نقصانات کی مد میں مانگی گئی ہے۔چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی نے پوچھا کہ لائن لاسز کو کم کرنے کیلیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں، بجلی کمپنیاں لائن لاسز کو کم کرنے کیلیے پلان دیں، گزشتہ سماعت پر بھی اتھارٹی نے پلان مانگا تھا ابھی تک نہیں ملا۔





Comments