بہاولپور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جلسے سے خطا ب کررہے ہیں
لاہور;امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں پر ہر دور میں کسی نہ کسی طرح اسٹیبلشمنٹ کی نوازشات جاری رہیں۔ دونوں اطراف کا جھگڑا صرف دودھ کی بوتل کے حصول کے لیے ہے ۔ پنجاب اسمبلی میں سینیٹرز کے چنائو کے لیے2 بڑی پارٹیوں کا مک مکا پوری قوم نے دیکھ لیا۔ ثابت ہو گیا ظالم اکٹھے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کو 5 سال کے بجائے 100 سال بھی حکومت کا موقع مل جائے تو ڈیلیور نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم نے ڈھائی برسوں میں صرف جھوٹ بولنے کی اسپیشلائزیشن کی ہے، انھیں اس پر بھی ورلڈ کپ ملنا چاہیے۔ پڑوس کے ممالک میں کوئی چاند پر جانے کی تیاری کر رہا ہے تو کوئی الیکٹرونک کاریں بنا رہا ہے، مگر ہمارے یہاں صرف قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ ملک کے مظلوم عوام کو نوید سناتا ہوں کہ وڈیروں اور خوانین کا دور ختم ہونے کو ہے۔ پاکستان کا مستقبل اسلامی نظام میں ہے۔ پی ٹی آئی، پی پی ، ن لیگ نے بہاولپور ریاست کی بحالی کا وعدہ کیا، مگر اسے پورا نہیں کیا گیا۔ وسیب کے نوجوان بے روزگار ہیں، کسان پریشان ہے۔ ایک وقت تھا ریاست بہاولپور برصغیر میں سب سے امیر ریاست تھی۔ یہاں کے نواب اور عوام نے قیام پاکستان کے بعد لاغر مملکت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے بھرپور مالی مدد کی۔ آج اس علاقے کے لوگ صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ چولستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کوئی طاقت ان سے ان کی زمینیں نہیں چھین سکتی۔ جماعت اسلامی ملک کے پسماندہ طبقات کی آواز ہے۔ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انھوں نے لودھراں سے بہاولپور تک مہنگائی مارچ کی قیادت کی۔ جس میں تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی نے خطاب کے دوران ضلعی انتظامیہ کو جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ نوکرشاہی کے طور طریقے بھی برطانوی دور کی بیوروکریسی کی طرح ہیں۔ جلسے میں کسانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنھوں نے حکومت کی زراعت دشمن پالیسیوں اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مہنگائی مارچ کے شرکا سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر نے بھی خطاب کیا۔ دیگر مقررین اور اسٹیج پر موجود شرکا میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، ضلعی امیر سید ذیشان اختر، رہنما کسان بورڈ جام حضور بخش، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی، ضلعی جنرل سیکرٹری عرفان انجم، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جنوبی پنجاب سعد سعید شامل تھے۔ اس موقع پر علاقے کی ممتاز سیاسی شخصیت سردار محمد خان جتوئی نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بنگلا دیش اسمارٹ فون بنا رہا ہے، سری لنکا میں انڈسٹریل زونز بن رہے ہیں، بھارت چاند پر جا رہا ہے، ترکی الیکٹرونک کار بنا رہا ہے جبکہ ہماری حکومت جھوٹ بول کر اور یوٹرنز لے کر عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہے۔ ان کا وژن اور کارکردگی بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 73سال سے پاکستان کے عوام ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے منتظر ہیں۔ مگر جاگیرداروں اور ڈکٹیٹروں نے ہمیشہ عوام کے ارمانوں کا خون کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قیمتی معدنیات اور 4 موسموں سے نوازا ہے، یہاں آبپاشی کا بہترین نظام ہے۔ پاکستان ان 10 بڑے ملکوں میں شامل ہے جہاں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں مگر اس ملک پر شوگر، پیٹرول، آٹا اور ٹمبر مافیاز کا راج ہے۔ یہ مافیاز اقتدار پر قابض پارٹیوں کو الیکشن میں اسپانسر کرتے ہیں اوربعد میں ان سے فائدے لیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مدینے کی اسلامی ریاست کا نعرہ لگایا، لیکن ایک قدم بھی اس جانب نہیں بڑھایا۔ آج پرانے اور نئے حکمران سب اکٹھے ہو گئے ہیں جس کا مظاہرہ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن میں مک مکا کی صورت میں سب کے سامنے آگیا۔ پی ٹی آئی اگر آج اسٹیبلشمنٹ سے این آر او لے کر حکومت کے مزے لے رہی ہے، تو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے ماضی میں بار بار ایسا کیا۔ لیکن اب عوام کو مزید بے وقوف بنانے کا وقت گزر چکا ہے۔ پاکستان جرنیلوں، نوابوں، خوانین، شہزادے اور شہزادیوں کی حکومت کرنے کے لیے نہیں بنا۔ پاکستان میں پاکستانیوں کی حکومت ہو گی اور یہاں قرآن و سنت کا نظام قائم ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ نظام ایک ایسا بوسیدہ نظام ہے جس میں غریب کا بچہ گندگی کے ڈھیر پر روٹی کے ٹکڑے تلاش کرتا پھرتا ہے۔ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ غریب کو علاج کے لیے اسپتال سے ڈسپرین کی گولی تک میسر نہیں۔ سینیٹ الیکشن میں کروڑوں کی بولیاں لگتی ہیں جبکہ ملک کے کروڑوں عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ پاکستان میں 5 دریا ہیں، مگر سستی بجلی ندارد۔ وزیراعظم نے کرپٹ اور نااہل لوگوں کو عوام کی گردنوں پر مسلط کر دیا۔ امپورٹ شدہ مشیر اور وزیر قوم کی تقدیر کے فیصلے کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے نااہلی اور بدانتظامی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو غریب کو سستا اور بروقت انصاف میسر ہو گا۔ بچوں کو مفت تعلیم ملے گی اور عوام کو مفت ادویات۔ لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج تک اپنے حقیقی قیام کے مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔ عوام کو تبدیلی سرکار سے جڑی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں۔ الیکشن ریفارمز ہونی چاہییں۔ انتخابات میں ووٹوں کی چوری اور اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر چڑھ کر ڈاکا ڈالنے کا کلچر ختم ہو گا تو ملک آگے بڑھے گا۔ امیر العظیم نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی اوربے روزگاری کا دور دورہ اور حکمران غیر سنجیدہ اور نااہل ہیں۔ انتخابات سے پہلے کہا گیا تھا کہ 100 دن میں لاکھوں لوگوں کو نوکریاں دیں گے ، لیکن حکمرانوں نے ڈھائی برس میں لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کوئی حکمت عملی موجود نہیں۔ رائو محمد ظفر نے جلسے کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی علاقے کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں ایمان دار اور صالح لوگوں کو حکومت کا موقع ملے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کریں گے۔
Comments
Post a Comment