سندھ میں فی الفور بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، جماعت اسلامی

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے کراچی تا کشمور صوبہ میں بڑھتی ہوئی، بد امنی،تجاوزات کے نام پرعوام کے معاشی قتل پر اظہار تشویش اور بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کو مالی و انتظامی طور پر با اختیار بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میںاغوا برائے تاوان اور لا قانونیت عروج پر پہنچ چکی ہے۔ قبائلی تصادم اور لوٹ مار کی وارداتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ سندھ حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے امن و امان کی بحالی، بلدیاتی انتخابات کے فوراً انعقادکرانے اور قبائلی تصادم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر کے اپنی ذمے داری پوری کرے۔ یہ بات جماعت اسلامی سندھ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کی گئی جو کہ قبا آڈیٹوریم میں کنوینر حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ حکومتی کرپشن و نا اہلی کی وجہ سے سندھ کے شہری زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ، شہر کھنڈرات جبکہ بدامنی وبلدیاتی انتخابات نہ کرنے کی وجہ سے ادارے لاوارث اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کرپٹ و نا اہل قیادت کی وجہ سے خوشحال سندھ کے عوام آج بدحالی کا شکار اور 2 وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہیں۔ اجلاس میں تجاوزات کے نام پر برسوں سے قائم لوگوں کو اپنے گھروں، کاروبار و املاک سے محروم کرنے والے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ حکومت لوگوں کا معاشی قتل اور خود کشی پر مجبور کرنے کے بجائے عدل و انصاف کے مطابق ان کو جینے کا حق دیا جائے۔ آخر میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما، سابق ایم این اے اور ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ کی وفات پر مرحوم کی مغفرت درجات بلندی و پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی گئی۔





Comments