کورونا ویکسین: پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ بیجنگ روانہ

 


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لانے کے لیے بیجنگ روانہ ہوگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لانے کیلئے چین روانہ ہوگیا ہے، خصوصی طیارہ یکم فروری کو کورونا ویکسین لیکر واپس اسلام آباد پہنچے گا اور پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لائی جائیں گی۔

این سی او سی کے مطابق ویکسین کی آمد پر ملک بھر میں جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور اسلام آباد میں ویکسین رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

این سی او سی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وضلعی سطح پر بھی کورونا ویکسین کوآرڈینیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بھی ویکسین بھیجی جائے گی۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 44 ہزار 813  ہوگئی اور 11,657 مریض انتقال کرگئے جبکہ فعال کیسز33  ہزار182  ہوگئی اور 24 گھنٹے کے دوران 34 افراد جان کی بازی ہارگئے۔



Comments