لاہور/اسلام آباد /سری نگر( خبر ایجنسیاں) جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما حافظ سلمان بٹ جمعرات کی رات مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی نماز جنازہ جمعہ کو منصورہ میں ادا کی گئی جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروںافراد نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ شرکا میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، امیرالعظیم، لیاقت بلوچ، خواجہ سعد رفیق، فرید پراچہ، مولانا عبدالمالک، جاوید قصوری، قیصرشریف، بلال یٰسین، پرویز ملک، محمد اصغر، وقاص انجم جعفری، اظہر اقبال حسن، ذکر اللہ مجاہد، سلمان رفیق، اعجاز چودھری اوریامقبول جان، سلمان غنی، میاں مرغوب، عمران بٹ، حسان بن سلمان، جبران بن سلمان ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور ورکرز، مختلف مزدور یونینز کے رہنماو نمائندے و دیگر شامل تھے۔ نماز جنازہ کے اجتماع میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ نڈر اور بے خوف رہنما تھے۔ انھوں نے زندگی بھر مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے لیے جدوجہد کی۔مرحوم حافظ سلمان بٹ کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ایک بھرپور سیاسی اور تحریکی زندگی گزاری۔ وہ جرأت اور ہمت کی علامت تھے۔ ان کی تحریک اسلامی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حافظ سلمان بٹ مزدوروں کی جدوجہد کی علامت تھے۔ انھوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے بے پناہ کردار ادا کیا۔ وہ 3 دفعہ رکن قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور انھوں نے اقتدار کے ایوانوں میں عوام کی بھرپور نمائندگی کی۔دریں اثنا حافظ سلمان بٹ کو میانی صاحب قبرستان میں ان کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا جہاں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کرائی۔ تدفین میں جماعت اسلامی کی قیادت سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔دریں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور بزرگ کشمیر ی رہنما سید علی گیلانی ،جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا و دیگر نے جماعت اسلامی کے رہنمااور پریم یونین کے صدر حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور رفقا ولواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔علاوہ ازیں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی ،سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ ،کراچی کے صدرخالد خان ،جنرل سیکرٹری محمدقاسم جمال نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے چیئرمین ،پریم یونین ریلوے سی بی اے کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی مزدور تحریک کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ حافظ سلمان بٹ کے انتقال سے مزدور تحریک ایک جرأت مند قائد سے محروم ہوگئی ہے اور ان کا خلا تادیرپر نہیں ہوسکے گا۔
Comments
Post a Comment