بجلی مزید مہنگی، پیٹرول قیمتیں بھی بڑھانے کی سفارش

 


 حکومت کا نئے سال کا تحفہ، بجلی ایک روپے 6پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جس سے عوام پر 17ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا جبکہ نیپرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 6 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔نیپرا نے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کو بجلی ایک روپیہ 52 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی، درخواست اکتوبر اور نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی۔ جس میں نومبر کے لیے بجلی کی قیمت میں 95 پیسے فی یونٹ اور اکتوبر کے لیے بجلی 57 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔نیپرا حکام کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا میں سماعت مکمل ہوگئی ہے اور اکتوبر اور نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 6 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 29 پیسے فی یونٹ اور نومبر کی فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی 77 پیسے مہنگی کی گئی ہے، اضافے کے بعد بجلی صارفین پر 8 ارب 40 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نیپرا کے مطابق حکومت نے نومبر تا جون کی فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ صارفین پر منتقل نہیں کیں جبکہ نیپرا ان ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فیصلہ جاری کرچکا ہے، ایڈجسٹمنٹ سے صارفین پر 17 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ دوسری جانب اوگرا نے پیٹرول 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔یکم جنوری سے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی۔ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے آج نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔واضح رہے کہ رواں ماہ 15 دسمبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔16 دسمبر سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 103 روپے 69 پیسہ ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 108 روپے 44 پیسہ، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 67 روپے 86 پیسہ، مٹی کا تیل 70 روپے 29 پیسہ فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا جاتا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ 3 مہینوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل کمی ہوئیں۔ تاہم اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



Comments