اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فوری کو منسوخ کردیا جائے گا۔اسلام آباد میں سی ڈی اے ہیڈکوارٹر آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ تمام ملکوں کے ویزے آن لائن کر رہے ہیں، یکم جنوری سے چین اور افغانستان کے ویزے کا اجرا آن لائن ہوگا جبکہ مینوئل ویزے کو ختم کر رہے ہیں کیونکہ اس میں کرپشن تھی اور یہ شکایت تھی کہ چین اور افغانستان کے ویزے اور اس میں توسیع کے لیے پیسے لیے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس لیے مینوئل ویزا ختم ہوجائے گا اور 54 ہزار چینی اور 41 ہزار دوسرے لوگوں کو ویزا ملے گا جبکہ اس کے علاوہ 191 ممالک کو آن لائن ویزا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیڈیز کلب اور کلچرل کمپلیکس کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو میں کہتا تھا اللہ نے وہ پورا کیا ہے کہ پیپلزپارٹی سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز خواجہ آصف کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ یہ سب بے نقاب ہوگئے ہیں، اگر میں وزیرداخلہ ہوں اور اقامہ لوں تو اس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، مطلب میرا، میری دھرتی پر ایمان نہیں ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سارے چور اکٹھے اس لیے ہوتے ہیں کہ ان کے بینک اکائونٹس سے پیسے نکلتے ہیں اور یہ برداشت نہیں کرتے جبکہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی رقم جب بے نقاب ہوتی ہے تو یہ کہتے ہیں کہ ہم سے انتقام لیا جارہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ جب تک وزیر داخلہ رہوں گا کسی کانٹریکٹ ملازم کو فارغ نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ نادرا لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ دے،16 ہزارمیں 3 ہزار افراد کانٹریکٹ پر ہیں، ہمیں تنخواہوں سے نہیں کام سے غرض ہے۔وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ نادرا بڑا حساس ادارہ ہے جس میں زبردست کام ہو رہا ہے، تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈز دفاتر کھولے جائیں گے۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پہلا شناختی کارڈ 40 کے بجائے 30 دن میں مفت جاری ہوگا، نادرا کے 50 نئے سینٹر کھولے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے سی ڈی اے کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا۔

Comments
Post a Comment