وزیر اعظم کی جانب سے نیے سال کا تحفہ : عوام پر پیٹرول بم گرادیا ، ایل پی جی کی قیمت میں بھی ریکارڈ15 روپے اضافہ

 




وزیر اعظم نے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہی عوام پر پیٹرول بم گرادیا ، ایل پی جی کی قیمت میں بھی ریکارڈ15 روپے اضافہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر مہنگائی کا نوٹس لیا ہے اور ساتھ ہی عوام پرپیٹرول بم بھی گرادیا۔ نئے عیسوی سال 2021ء کے آغاز پر پیٹرول کی قیمت میں 2روپے 31 پیسے فی لیٹر اور ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو ریکارڈ 16روپے کا اضافہ کردیا گیا۔جمعرات کو خزانہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 106 روپے ہو گی۔ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے تک اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے ہوگی۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے 36 پیسے کے اضافے سے نئی قیمت 73 روپے 65 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 95 پیسے بڑھا کر 71 روپے 81 پیسے کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیا ۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں میں زیادہ اضافہ نہیںکیا۔علاوہ ازیں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کے بعد حکومت نے عوام کے لیے 2021 ء کا ایک اور تحفہ ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرکے دیا۔ایل پی جی ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت 132 روپے فی کلو کے جگہ اب 147 فی کلو ہوگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی 180 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 1553 کی جگہ 1733 میں دستیاب ہوگا جب کہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں بھی 692 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایل پی جی پر لیوی سمیت تمام ٹیکسز کا خاتمہ نہ کیا گیا تو 15 جنوری سے خیبر سے کراچی تک گیس کی سپلائی بند کر دیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی پر کنٹرول سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ۔وزیراعظم نے کہا کہ آٹا، چینی، دال کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے، غریب لوگوں کے لیے بنیادی اشیا ضروری ہیں، اس کے علاوہ برآمدات کو بڑھانے اور درآمدات کے لیے مقامی متبادل ڈھونڈنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کو مزید بڑھایا جائے اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ نہ ہو۔اس موقع پروزیراعظم نے نیشنل سیکورٹی ڈویژن کی طرف سے تیار کردہ آن لائن ایگری ڈیش بورڈ کی منظوری دی جو اشیا خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کی قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر نگرانی کرے گا۔بتایا گیا ہے کہ ڈیش بورڈ نہ صرف تصدیق شدہ اشاریوں کی مدد سے کسی بھی بحران سے بچنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوگا۔ عمران خان کی ہدایات پر ماضی میں نظر انداز ہونے والے 6 شعبوں میں بڑے پیمانے کی اصلاحات نافذ کرنے کے لیے انہیں ترجیحاتی شعبوں کا درجہ دیا گیا جس میں فوڈ سیکورٹی، زراعت، بجلی، افرادی قوت،بیرونی سرمایہ کاری، نجکاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات پر خصوصی توجہ کے لیے اکنامک آؤٹ ریچ شامل ہیں۔

Comments