اسٹیل مل ملازمین کی برطرفی‘ سراج الحق نے سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرادی

 

 جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے پاکستان اسٹیل ملز سے چار ہزار پانچ سو ملازمین کو فارغ کرنے کے خلاف تحریک التواء سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ تحریک التواء سینیٹ کے قواعد وضوابط مجریہ2012ء کےقاعدہ85 کے تحت جمع کرائی گئی ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے چار ہزار پانچ سو سے زاید ملازمین کو اپنی ملازمتوں سے فارغ کر دیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ ترجمان پاکستان اسٹیل ملز کی طرف سے برطرفی کی27 نومبر2020ء کو پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ تحریک التواء میں مزید کہا گیا ہے کہ ترجمان پاکستان اسٹیل کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گروپ ii,iii,iv,jo,sکے ملازمین کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ اور اسی طرح AMاورDMکے ملازمین کوبھی فارغ کیا جا رہا ہے۔ DCE,SE,DGM,Managers کو فارغ کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے پریس ریلیز کے مطابق ملازمین کی برطرفی کے انفرادی خط تمام ملازمین کو محکمہ ڈاک کی رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعے بھیجے جا رہے ہیں۔ تحریک التواء میں وفاقی وزیر حماد اظہر کا اسٹیل مل کے حوالے سے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 95 فیصد ملازمین کو فارغ کر دیا جائے گا۔ سینیٹر سراج الحق نے تحریک التواء میں کہا ہے کہ حکومت کا مذکورہ اقدام ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل اور ان کے لیے انتہائی صدمہ کا پیغام ہے۔تحریک التواء میں انتہائی اہم اور فوری نوعیت کے اس قومی اہمیت کے حامل معاملے کو زیر بحث لانے کے لیے ایوان کی معمول کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔



Comments