ملتان: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کررہی ہیں
ملتان
(خبرایجنسیاں)پاکستان
ڈیموکریٹک موومنٹ (پی
ڈی ایم)ملتان
میں جلسہ کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ جلسے کو
روکنے کے لیے کنٹینرز، پکڑ دھکڑ اور دیگر
حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں ۔اپوزیشن
اتحاد نے قلعہ کہنہ باغ کے قریب گھنٹہ گھر
چوک پر جلسہ منعقد کیا۔پی ڈی ایم سربراہ
نے حکومتی تشدد کے خلاف جمعہ اور ہفتہ ملک
گیر مظاہروں کا اعلان کردیا۔ملتان میں
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے
سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ
پی ڈی ایم نے ملکی سیاست کے ہر مسئلے سے
عمران خان کو لا تعلق کردیا اورلاہور کا
جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل
ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر قربانی
کے لیے تیار ہیں، ہماری طرف سے کوئی رعایت
نہیں ہوگی۔مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم
عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ
تمہاری خارجہ پالیسی ناکام ہے اور تم
کشمیرفروش ہو، اب فلسطین کو بیچناچاہتے
ہو، تم امت مسلمہ کوبیچناچاہتے ہو، ہم
تمہیں سودا کرنے نہیں دیں گے اور تمہارے
ناجائز عالمی ایجنڈوں کومسلط ہونے نہیں
دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ
ملتان
کی شاہراہوں اورچوراہوں کوبندکیاگیا،
ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا،
تشددکیاگیا لیکن گزشتہ روز پریس کانفرنس
میں صرف ڈنڈادکھایاتوپھر تم لوگ دم
دباکربھاگ گئے جس طرح ملتان سے بھگایاہے،
تمہاراتخت گرانے میں بھی کامیاب ہوں
گے،اسٹبلشمنٹ ہمیں کمزور نہ کرے۔اس موقع
پر خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی نائب صدر مریم
نواز نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کو
آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ سارے
نہیں صرف 2
سلیکٹرز
حکومت کی بس کو دھکا لگا رہے مگر پھر بھی
چل نہیں پارہی،اس سے پہلے کے آئندہ کے
لائحہ عمل کا اعلان کریں ، عمران خان حکومت
چھوڑ دے۔انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان
کا لاک ڈاؤن کرنے والے ہیں، کووڈ 19
سے
پہلے ‘کووڈ 18’
کو
گھر بھیجنا ضروری ہے، کووڈ 18
گھر
چلا جائے تو کووڈ 19
بھی
چلا جائے گا، پاکستان کا سب سے بڑا وائرس
عمران خان ہے ، حکومت کا خاتمہ کرکے تمام
وائرس کا خاتمہ کریں گے۔لیگی نائب صدر کا
کہنا تھا کہ عمران خان میٹروبس کوجنگلا
بس کہتے تھے کہ اسے نہیں بناؤں گا، پشاور
میں بی آر ٹی بنائی جو چل کم اور جل زیادہ
رہی ہے، اناڑی پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ
پربیٹھا ہے۔ملتان میں سابق وزیراعظم
بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ زرداری
نے پہلی بار کسی بڑے جلسہ عام سے خطاب کرکے
اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کیا۔انہوں نے
بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ
اتنے جبر کے باوجود عوام نے اتنی بڑی تعداد
میں یہاں پہنچ کر فیصلہ دے دیا ہے کہ اب
سلیکٹڈ کو جانا ہوگا۔آصفہ کا کہنا تھا
کہ انہیں لگتا ہے کہ ہم گرفتاریوں سے ڈر
جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔قبل ازیں
جمعیت علما اسلام ف کے امیر اور پی ڈی ایم
کے سربراہ مولانا فضل الرحمن جامعہ قاسم
العلوم سے ایک بڑی ریلی کی صورت میں گھنٹہ
گھر چوک پہنچے۔ریلی کے دوران مولانافضل
الرحمن اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے
محمود خان اچکزئی کنٹینر پر چڑھ کر بیٹھ
گئے۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی جاتی
عمرہ سے ریلی کی صورت ملتان پہنچی تھیں۔
انہوں نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ گاڑی کی
چھت پر بیٹھ کر کارکنوں کے نعروں کا جواب
دیے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ زرداری
بھی گیلانی ہاؤس ملتان سے ریلی کی صورت
گھنٹہ گھر چوک پہنچیں، اس دوران وہ ٹرک
سے مسلسل کارکنوں کو ماسک پہننے کی ہدایات
دیتی رہیں۔بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل
)کے
سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ ملک میں
حکمرانی صرف ووٹ کی ہو گی ، اگر کوئی ماں
اور بہنوں کی عزت نہیں کرسکتا ہے تو اسے
حکمرانی کرنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔انہوں
نے کہا کہ حکومت نے اپنی نا اہلی چھپانے
کے لیے پنڈال میں جلسہ کرنے نہیں دیا لیکن
لوگ تمام تر رکاوٹیں توڑ کر یہاں پہنچے
ہیں۔قبل ازیں ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے
کے باعث بیشتر سڑکیں بند کی گئیں، شہر میں
موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر
رہی ۔پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے کے لیے
مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری
کو طلب کیا گیا ۔اسٹیڈیم کو کارکنان سے
خالی کرا کے ایک بار پھر سے تالے لگا دیے
گئے ، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنمائوں کے پینا
فلیکس اور بینرز بھی اتارے گئے جبکہ چوک
گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری
تعینات کرکے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ۔ شہر
کی بیشتر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی ہونے سے
عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
Comments
Post a Comment