کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ قومی خزانے اور قومی اداروں کو نقصان پہنچا کر کے الیکٹرک کو نوازا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ قومی اداروں اور کراچی کے شہریوں کے اربوں روپے کی واجب الادا رقم واپس کیے بغیر کے الیکٹرک کو نیشنل سیکوریٹی سرٹیفیکیٹ جاری کیا تو بھر پور مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ابراج گروپ کے الیکٹرک کو شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کرکے فرار ہو نا چاہتی ہے، دنیا بھر میں ابراج گروپ کی کمپنیوں کو تحویل میں لے کر سرمایہ کاروں کے پیسے واپس دلائے جا رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کلین چٹ دے کر ملک سے فرار کروانا چاہتی ہے۔
امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے ذمہ سوئی سدرن گیس کے 107ارب روپے، این ٹی ڈی سی (NTDC)کے 198ارب اور کراچی کے صارفین کے 142ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایک طرف کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ نے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی تو دوسری طرف وفاقی حکومت کی جانب سے آئے دن کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر کے کے الیکٹرک کو نوازجا رہا ہے۔
Comments
Post a Comment