تائیوان کے سمندر پر بنا محرابی پل ٹوٹ کر سمندر میں گر گیا

تائیوان کی ژیلان کاؤنٹی میں نان فان گاؤ کی بندرگاہ پر لنگر انداز ماہی گیروں کی کشتیاں 

خلیج تائیوان پر بنا محرابی پل ٹوٹ کر سمندر میں گر گیا

تائیوان کے مشرق میں ایک خلیج پر بنا ایک بہت بڑا محرابی پل منگل یکم اکتوبر کو ٹوٹ کر سمندر میں گر گیا۔ اس پل کا ملبہ نیچے سمندری پانی میں موجود کئی کشتیوں پر گرا اور حکام کے مطابق کم از کم پانچ افراد لاپتہ ہیں۔


تائیوان کی ژیلان کاؤنٹی میں نان فان گاؤ کی بندرگاہ پر لنگر انداز ماہی گیروں کی کشتیاں
تائیوان کے دارالحکومت تائی پے سے موصولہ نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ پل محرابی شکل کا ایک ایسا بلند تعمیراتی ڈھانچہ تھا، جو ٹوٹا تو اس وقت اس پل پر سے گزرنے والا ایک آئل ٹینکر نیچے پانی میں ماہی گیروں کی کشتیوں  پر جا گرا۔ اس حادثے کے نتیجے میں ابتدائی رپورٹوں کے مطابق متعدد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاپتہ افراد اور ممکنہ طور ہر ہلاک ہو جانے والے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جن میں ملکی ایئر فورس کا ایک ہیلی کاپٹر اور فوج اور بحریہ کے بیسیوں اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ملکی بحریہ کے غوطہ خور اس پل کے انہدام کے باعث ممکنہ طور پر سمندر میں ڈوب جانے والے افراد کی تلاش بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تائیوان کی نیشنل فائر ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق پل کے ملبے کی زد میں آنے والی کشتیوں میں ماہی گیروں کی کئی کشتیاں بھی شامل ہیں اور ممکنہ طور پر ایسی ہی ایک کشتی پر سوار کم از کم چھ افراد ابھی تک اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔

Disaster relief officials would not say if the storm had weakened the bridge or give other details on the potential cause https://thepeninsulaqatar.com/article/01/10/2019/Towering-arch-bridge-falls-in-Taiwan-bay,-5-feared-missing 

تائیوان کے وزیر داخلہ سُو کُو یُنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ جب یہ پل منہدم ہوا، تب اس پر موجود افراد میں سے کم از کم پانچ ایسے بھی تھے، جو تاحال لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے دس کو علاج کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ان زخمیوں میں سے چھ کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق یہ پل آج منگل یکم اکتوبر کو صبح ساڑھے نو بجے کے قریب منہدم ہوا اور یہ واقعہ نان فان گاؤ کے قریب پیش آیا، جو تائیوان کے بحرالکاہل سے ملنے والے ساحلی علاقے کا ایک چھوٹا سا گاؤں ہے۔ اس علاقے میں زیادہ تر ماہی گیر رہتے ہیں لیکن ایک اہم گزرگاہ ہونے کی وجہ سے وہاں اکثر ٹریفک کا بہت رش رہتا ہے۔
Watch | Over 10 People Injured When Nanfangao Bridge In Yilan Collapsed https://www.whenintaiwan.com/2019/10/watch-over-10-people-injured-when.html 

تائیوان کے علاقے ژیلان میں سمندر پر بنا یہ نان فان گاؤ پل 140 میٹر (460 فٹ) طویل تھا، جسے 1998ء میں ٹریفک کے لیے کھولا گیا تھا۔ اپنے منفرد تعمیراتی ڈیزائن کی وجہ سے یہ محرابی پل اس علاقے کا رخ کرنے والے سیاحوں کے لیے خاص طور پر پرکشش تھا۔

یہ پل اس لیے تعمیر کیا گیا تھا کہ اس سے پہلے اسی جگہ پر بنا ایک پل بہت نیچا تھا اور اس کی وجہ سے ماہی گیروں کی کشتیوں کو اس پرانے پل کے نیچے سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ یہ پل 18 میٹر یا تقریباﹰ 60 فٹ بلند تھا۔ اس پل کی خاص بات یہ بھی تھی کہ یہ پوری دنیا میں آج تک بنائے گئے صرف دو سنگل آرچ کیبل سٹیل پلوں میں سے ایک تھا#۔

ڈی ڈبلیو رپورٹ

Comments