ہم کسی وقت بھی سرحد پار کر سکتے ہیں _ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی

 

بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے پاکستان میں گھسنے کی دھمکی دے دی۔بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پرکنٹرول لائن کو عبور کر کے سرحد کے اس پار داخل ہوسکتے ہیں۔بھارتی آرمی چیف نے جارحیت پسندی اور جنگی عزائم کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب آنکھ مچولی کا کھیل نہیں چلنے دیں گے ،چاہے زمینی راستہ اختیار کرنا پڑے یا فضائی کارروائی کرنی ہو یا ایک ساتھ ہی دونوں آپشنز کا استعمال کرنا پڑے تو گریز نہیں کریں گے۔ بپن راوت نے ایک مرتبہ پھر جھوٹے دعوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعے اپنا پیغام پڑوسی ملک تک واضح طور پر پہنچایا تھا کہ دراندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا اور کسی صورت مداخلت کسی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ میں بھی جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے، کیا عالمی برادری کسی بھی صورت حال میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دے گی؟بھارتی آرمی چیف نے اپنے انٹرویو میں پاکستان پر بلاجواز اور بغیر کسی ثبوت کے نوجوانوں کو
سرحد پار کرانے کا الزام بھی عاید کیا اور یہ بھی کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا کشمیرسے متعلق بیان ثابت کرتا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے۔جنرل بپن راوت نے دوسرے ہی لمحے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر پلواما سمیت دیگر حملوں میں مقامی نوجوانوں کے ملوث ہونے کی تصدیق بھی کی۔علاوہ ازیں بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ راکیش کمار سنگھ نے پاکستان اور چین کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت سے ہمیں پروسی ممالک پر سبقت حاصل ہوجائے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق راکیش کمار سنگھ نے پیر کو اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ راکیشن کمار سنگھ فرانس سے 36 رافیل طیاروں کی 60 کروڑ بھارتی روپوں میں خریداری کے لیے بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔انہوں نے پرانی گیدڑ بھبکیاں دیتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کو بھارتی فضائیہ کا حصہ بن جانے کے بعد اسے ایس یو-30 کے ساتھ استعمال کیا جائے گا جس سے جنگی محاذ پر بھارتی فضائیہ کو پاکستان اور چین پر سبقت حاصل ہوجائے گی۔بھارتی فضائیہکی آپریشنل صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوجائے گا، ہم کسی بھی آپریشن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔#



Comments