کراچی :دوسرا ون ڈے پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دیدی: انتظامات ناکافی - سندھ انتظامیہ ناکام ہوگئی

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم سنچری مکمل کرنے کے بعد بلاہوا میں لہرارہے ہیں
کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم سنچری مکمل کرنے کے بعد بلاہوا میں لہرارہے ہیں

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 67 رنز سے باآسانی ہراکر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ہے‘ پاکستان نے مقررہ50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے تھے ، بابر اعظم 115 اور فخر زمان 54 رنز بناکر نمایاں رہے، ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 46.5اوورز میں 238رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘ شیہان جے سوریا 96 اور داسن شناکا 68 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 73 کے مجموعی اسکور پر اس وقت ہوا جب امام الحق 31 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔104 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری اور فخر زمان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم حارث سہیل 40 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 11 ویں سنچری مکمل کی۔ 242 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفراز احمد 12 گیندوں پر 8 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد بابر اعظم بھی 115 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 105 گیندوں پر 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 32 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عماد وسیم 12 اور وہاب ریاض 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔یوں پاکستان نے 7 وکٹوں پر 305 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ڈی سلوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو سنچریوں کے ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

اس میچ میں تماشائی خاطر خواہ تعداد میں اسٹیڈیم آنے سے قاصر رہی ، جبکہ انتظامات بھی ناکافی تھے - گراونڈ میں د و مرتبہ فلڈ لائٹس میں تعطل پیدا ہوا - جس کی وجہ سے تماشایوں میں سراسیمگی پھیل گئی

نیشنل اسٹیدیم میں سری لنکا اور پاکستان کے میچ کے سیکورٹی انتظامات کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔ راستے بندہو نے سے اسٹیڈیم کے اطراف کی سٹرکوں پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا۔شہید ملت روڈ، ایکسپریس وے اور دیگر تمام سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام سیکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں ، شہری شدید مشکلات کا شکاررہے ، ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی سڑکوںسے غائب ، شہری اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیا ں ٹریفک جام سے نکالتے رہے ، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں بھی طے نہ ہوسکا ۔کئی گاڑیوں میں ایندھن بھی ختم ہوگیا۔اس سلسلے میں شہر کی اس صورتحال میں ٹریفک پولیس کا کردار بے معنی ہو کر رہ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف میں ٹریفک پولیس کی جانب سے مرتب کیا گیا متبادل پلان بھی بری طرح ناکام ہوا۔ شارع فیصل ، لیاقت آباد ، ،گلشن اقبال ،گلستان جوہر ، اور دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں اور شہری سڑکوں پر بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے۔ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے کے باوجود اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس اہلکار نظر نہیں آئے اور کئی مقامات پر لوگوں نے خود ٹریفک کو کنٹرول کرنا شروع کردیا۔ٹریفک جام میں متعدد ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔اہم سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کے بعد شہریوں نے اپنی گاڑیوں کا رخ ذیلی سڑکوں پر کردیا جس کے باعث نیو ٹائون ،پرانی سبزی منڈی،لسبیلہ ،گرومندر اور کالاپل کے قرب و جوار میں رہائشی علاقوں میں بھی ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے میں  آئے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے ان مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر کوئی منصوبہ سازی نظر نہیں آتی۔ ٹریفک جام میں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہو جاتا ہے مگر شہری خون کے گھونٹ پینے کے علاوہ کچھ نہیں کر پاتے#۔

Comments