ایک دن میں ساڑھے تین کروڑ درخت : ایتھوپیا نے ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا


ایتھوپیا کا ایک دن میں 35؍ کروڑ درخت لگانے کا ریکارڈ 
افریقی ملک ایتھوپیا نے ایک دن میں ساڑھے تین کروڑ درخت لگا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ اقدام ’’گرین لیگیسی اسکیم‘‘ کے تحت موسم گرما میں چار ارب درخت لگانے کے عزم کے تحت کیا ہے۔ 
حکومت ایسے شہریوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جو کم از کم 40؍ درخت لگا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 20ویں صدی کے آغاز سے 2000ء کے اختتام تک ملک میں جنگلات کی بھرپور اور بے رحم کٹائی کی وجہ سے ملک میں جنگلات کی مجموعی تعداد صرف 4؍ فیصد رہ گئی تھی۔ گرین لیگیسی اسکیم کے تحت ملک میں ایک ہزار مختلف مقامات پر درخت اگائے جا رہے ہیں، پروگرام پر عمل اس قدر سخت انداز سے کیا جا رہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو ایک دن دفاتر سے چھٹی دے کر ان سے درخت اگانے کا کام لیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم ابی احمد علی اس پروجیکٹ کی قیادت کر رہے ہیں اور انہوں نے ملک کے جنوبی حصے میں بڑے پیمانے پر درخت لگائے ہیں۔ ملک کے وزیر برائے جدت اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر گیتاہون میکوریا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیر کے دن تک لگائے گئے درختوں کی مجموعی تعداد 353؍ ملین تھی۔ 
درخت لگانے کے اس عمل میں اقوام متحدہ کے سفارت کاروں کے ساتھ غیر ملکی سفارت خانوں کا عملہ بھی شریک رہا۔ رضا کاروں کی جانب سے لگائے گئے درختوں کی گنتی کا کام سرکاری ملازمین کے سپرد کیا گیا ہے اور وزارت زراعت کے حکام کے مطابق مجموعی طور پر 2.6؍ ارب درخت لگائے گئے ہیں۔ 1960ء کے مقابلے میں آج ایتھوپیا کی آبادی میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے اور یہ 10؍ کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔ آبادی میں اضافے کی وجہ سے لکڑی اور زرعی زمین کی ضرورت میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے جنگلات کی کٹائی ہو رہی ہے۔ فی الوقت دنیا میں سب سے زیادہ درخت لگانے کا ریکارڈ بھارت کے پاس ہے جہاں ایک دن میں 8؍ لاکھ رضا کاروں نے 5؍ کروڑ درخت لگائے تھے۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایتھوپیا میں وسیع پیمانے پر درخت لگانے کی مہم جاری ہے تاہم اعداد و شمار کے حوالے سے ریکارڈ قائم کرنے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

Comments