عوام پر ایک اور بم پیٹرولیم قیمتوں میں 8.90 روپے فی لیٹر اضافہ




' نیا پاکستان'  اور' تبدیلی کا بھوت 'سر چڑھ کر ناچ رہا ہے - عید سےقبل عوام کو ایک اور تحفہ -پا کستان حکومت نے مشکلات میں گھرے عوام پرمہنگائی کا ایک اور بم گرادیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیاگیا۔وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری منظور کرلی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے 90 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا۔پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 117.83 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ڈیزل کی قیمت 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 132.47 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 5 روپے 38 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 103.84 روپے ہوگئی۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 8 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 97.52 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔علاوہ ازیں اوگرا نے آج سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 19 روپے 11 پیسے اضافہ کر دیا ہے۔اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کے لیے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1330 روپے 92 پیسے تھی جس میں 19 روپے 11 پیسے اضافے سے نئی قیمت 1350 روپے 3 پیسے مقرر کی گئی ہے۔اوگرا نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 62 پیسے اضافہ ہوا ہے اور فی کلو ایل پی جی کی قیمت 112 روپے 78 پیسے سے بڑھ کر 114 روپے 40 پیسے ہوگئی ہے۔اس طرح کمرشل سلنڈر5100روپے سے بڑھ کر 5194روپے کا کردیا گیا ہے۔


Comments