کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکا،اب مودی اپنے زخم چاٹ رہا ہے،سراج الحق



امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکاہے ، بھارت کے طیارے گرانے پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے زیادہ خوشی اور جوش و جذبے کا ا ظہار کیا گیا ۔ گزشتہ روز سے کشمیر کے گلی کوچوں میں جشن کا سماں ہے ۔ اقوام متحدہ کشمیر میں رائے شماری کرانے کا انتظام کرے ۔ عالمی برادری پاکستان اور بھارت کو جنگ سے بچانا چاہتی ہے تو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر یوں کو حق خود ارادیت دلائے اور کشمیر میں جاری قتل عام کو رکوائے ۔ او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی شرکت پر اجلاس میں شریک نہ ہونے کا حکومت پاکستان کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے زیراہتمام لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹریننگ ورکشاپ سے نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم ، نائب امیر بلال قدرت بٹ اور سیکرٹری جنرل جاوید قصوری نے بھی خطاب ۔ تربیتی ورکشاپ میں وسطی پنجاب کے اضلاع کے ذمے داران نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت سے نفرت کا یہ عالم ہے کہ مودی کو کشمیر کے دورے پر بیٹھنے کے لیے جگہ نہیں ملی اور مودی کے دورے کے خلاف لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے ۔ بھارت جان چکاہے کہ اب وہ اپنی پوری فوج بھی کشمیر میں جھونک دے تو وہ آزادی کی تحریک کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا اس لیے مودی اب مرے ہوئے سانپ کی طرح زہر گھول رہا ہے ۔ مودی کی اسلام اور مسلم دشمنی کسی سے چھپی ہوئی نہیں ۔ گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کے قتل عام اور بابری مسجد کی شہادت کا مرکزی مجرم مودی ہے ۔مودی نے اپنی حکومت کے دوران کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے لیکن لاکھوں کشمیریوں کے قتل عام ، کھیتوں کھلیانوں اور مساجد کو نذر آتش کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکا ۔کشمیر کے بچے بوڑھے اور خواتین آزادی کی جنگ میں شامل ہوچکے ہیں ۔ بھارت سے آزادی کی جنگ میں اب تک 5 پی ایچ ڈیز شہید ہوچکے ہیں اور آزادی کی یہ تحریک اب تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات میں مقبول ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے انتہا پسند ہندوؤں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے پاکستان پر حملہ کیا جس میں اس کو منہ کی کھانا پڑی ۔ اب بھارتی حکومت اپنے زخم چاٹ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا ، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا خطرہ موجودرہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں اگر بھارت باز نہ آیا تو اسے عبرت کا نشان بنادیا جائے گا ۔

Comments